مسلم لیگ (ن) نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ’’افتتاح ‘‘کر دیا

لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے اورنج لائن میٹرو ٹرین افتتاح کردیا۔ تقریب جی پی او چوک مال روڈ پر مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر محمد پرویزملک کی زیر صدارت ہوئی۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور لیگی رہنماؤں اور کارکنوںکی اسمبلی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نوازشریف اور خواجہ عمران نذیر کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی گئی۔ خواجہ حسان نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف کی جانب سے قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ اورنج لائن مسلم لیگ (ن) کا عوام اور ماحول دوست منصوبہ ہے۔ آج اس قابل ہوئے کہ اورنج لائن منصوبہ چلے گا لیکن حکومت وقت کو بتانا چاہتا ہوں جو مرضی کر لو ڈھائی لاکھ افراد ٹرین میں بیٹھیں گے تو دل سے دعا نوازشریف اور شہبازشریف کیلئے نکلے گی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ اس ملک میں جب بھی ترقی و خوشحالی کا دورآیا تو نوازشریف نے آغاز اور مکمل بھی انہوں نے کیا۔ بارہ ہزار میگا واٹ بجلی نوازشریف لائے۔ عمران خان جھوٹ بولتے ہیں میٹرو لائن اورنج ٹرین شہبازشریف خود نگرانی کرتے رہے۔ بی آر ٹی آئندہ پچاس سال میں بھی مکمل نہیں ہو گی۔ پرویز ملک نے کہا کہ اورنج لائن بڑا منصوبہ ہے لاہوریوں کی جانب سے نوازشریف اور شہبازشریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چین نے جو دوستی کا ثبوت اورنج لائن کی صورت میں دیا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ رانا مشہود نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کا مینڈیٹ عام انتخابات کی طرح چرایا گیا کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ سرکاری گاڑی نے خواجہ عمران نذیر کی گاڑی کو ٹکر مار دی اللہ تعالیٰ انہیں صحت یاب کرے۔ ملک ریاض نے کہا کہ اس منصوبے کو کامیاب کرانے میں خواجہ احمد حسان کا کردار ہے۔

ای پیپر دی نیشن