شہباز نے کرپشن کے پیسوں سے بیگم کیلئے مارگلہ پہاڑیوں میں گھر خریدا: شہزاد اکبر

Dec 10, 2019

اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)و فاقی وزیر مواصلات مراد سعید اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے 18سوالات کا جواب مانگ لیا ہے اور کہا ہے کہ ہم شہباز شریف کی تلاش میں ہیں، مسلم لیگ ن کے دور میں کرپشن کا پیسہ آتا تھا، یہ سمجھتے تھے ہم ہمیشہ حکومت میں رہیں گے، ایک زرداری سسٹم تھا اور اب شہباز سسٹم آگیا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ شہزاد اکبر نے کہا کہ ڈیلی میل نے لیگی رہنمائوں کی کرپشن کے خبر کی تھی جس پر شہباز شریف نے اس صحافی کے خلاف کورٹ میں جانے کا فیصلہ کیا تھا، ہم منتظر ہیں کہ کب نوٹس بھیجا جائے گا ، کرپشن کے 2اربوں روپے کا نیٹ کیش سلمان شہباز کے اکاونٹ میں منتقل ہوئے ،شہباز شریف کے کیش بوائے دونوں حراست میں ہیں، وہ مان چکے ہیں وہ ان کی ایماء پر سب کچھ کرتے تھے، کرپشن کے پیسوں سے شہباز شریف نے اپنی بیگم کے لیے مارگلہ کی پہاڑیوں میں گھر خریدا ،میں نے شہباز شریف سے سوالات پوچھے مگر ان کا جواب ابھی تک نہیں آیا۔ اسی طرح کی 6،7کمپنیاں اور بھی پکڑی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بتائیں علی احمد گل اور نثار ملک سے ان کا کیا تعلق تھا، ہم شہباز شریف کی تلاش میں ہیں، شہزاد اکبر نے کہا کہ علی عمران ، سلمان شہباز مفرور ہیں ، شہباز شریف تقریبا مفرور ہیں ، ایک اور بھی مفروری کے چکر میں ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہا ہے، کرپشن کے خلاف یہ جنگ دراصل استحصالی سیاسی نظام کے خلاف جنگ ہے۔

مزیدخبریں