لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے دائر درخواست نمٹاتے ہوئے وفاقی حکومت کی ریویو کمیٹی کو بھجوا دی۔ فاضل عدالت نے درخواست پر حکومتی ریویو کمیٹی کو سات دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پرسماعت کی۔ عدالت نے درخواست ای سی ایل نظر ثانی کمیٹی کو بھجواتے ہوئے حکم دیاکہ سات روز میں فیصلہ کیاجائے۔ عدالت نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پہلے آپ نے حکومت کے روبرو نظرثانی کی درخواست کیوں نہیں دی؟ مریم نواز کے وکلاء نے کہاکہ مریم نواز کا موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔ حکومتی وزراء میڈیا پر بیانات دے رہے ہیں کہ مریم کو باہر جانے نہیں دیا جائے گا۔ اسی لیے عدالت سے رجوع کیا۔ مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ ایان علی سمیت درجنوں افراد کو باہر جانے کی اجازت دی گئی۔ مریم کو اجازت نہیں دی جارہی۔ عدالت نے قرار دیا کہ پہلے حکومت کے پاس جائیں اگر فیصلہ پر اعتراض ہو تو عدالت سے رجوع کریں۔ عدالت نے قرار دیا کہ آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت مریم نواز وفاقی حکومت کو درخواست دے سکتی ہیں ۔مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔ مریم نواز کو انکے پاس جانا ہے وکیل نے دلائل دیے کہ مریم نواز حکومت کو کیسے درخواست دیں۔ حکومت تو انکے خلاف اقدامات کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ ہم اس درخواست کو پینڈنگ رکھ کر حکومت پر پریشر نہیں رکھنا چاہتے۔
مریم نواز ای سی ایل معاملہ، حکومتی ریویو کمیٹی 7 روز میں فیصلہ کرے: لاہور ہائیکورٹ
Dec 10, 2019