ایرانی بحریہ کے سربراہ  رئیر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی کا نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)  ایرانی بحریہ کے سربراہ  رئیر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے نیول ہیڈکوارٹرز، اسلام آباد کا دورہ کیا اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔معزز مہمان کی نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحر یہ کے سربراہ نے معزز مہمان کا پر تپاک استقبال کیا پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کو اعزازی سلامی پیش کی۔ ایرانی نیوی کے سربراہ نے یادگار شہداء  پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ رئیر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے چیف آف دی نیول اسٹاف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سکیورٹی، استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔نیول چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک بحریہ کے عزم و کار کردگی اور میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے کے سلسلے میںکی جانے والی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ نیول چیف نے پاکستان کے زیر اہتمام کثیرالملکی مشق امن-19 میں اسلامی جمہوریہ ایران نیوی کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔ رئیر ایڈمرل ڈاکٹرحسین خانزادی نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے اقدامات کو سراہا اور دونوں معزز شخصیات نے مختلف شعبہء  جات میں دفاعی اشتراک کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ معزز مہمان کو پاک بحریہ کی بحر ہند کے خطے میں سکیورٹی کی صورتحال اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بھارتی حکومت کی طرف سے دفعہ 370 اور 35-A کو منسوخ کیے جانے کے بعد کشمیریوں کی حالت زار اور پاکستان کی کشمیریوں کی حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کی مسلسل حمایت سے آگاہ کیا گیا۔ معزز مہمان پاک بحریہ کے فلیٹ کمانڈر کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور پاک بحریہ کے تربیتی اداروں کا دورہ کرنے کیلئے کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔توقع ہے کی کمانڈر نیوی اسلامی جمہوریہ ایران کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور دونوں افواج کے مابین بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن