ججوں‘ جرنیلوں‘ بیوروکریٹس کا بھی احتساب ہونا چاہئے‘ نیب غیرجانبداری ثابت کرے: سراج الحق

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عالمی یوم انسداد کرپشن کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکمرانوں کا احتساب نہیں ہوتا، لوگ اسے یک طرفہ احتساب کہیں گے۔ نیب کو اپنی غیر جانبداری ثابت کرنا ہوگی۔ نیب کی اب تک کی کارکردگی چند لوگوں کی گرفتاری کے علاوہ کچھ نہیں۔ سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ ججز، بیوروکریٹس اور جرنیلوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ جب تک سب کا بلاامتیاز احتساب نہیں ہوتا، احتساب کے پورے نظام پر انگلیاں اٹھتی رہیں گی۔ نیب کے چیئرمین کا یہ بیان کہ نیب ابھی کارروائی نہیں کرتا اور چند وزراء اعلانات پہلے کردیتے ہیں نے بھی اس ادارے کو فریق بنادیا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن بڑے لوگ کرتے ہیں اور اس کے برے اثرات غریب پر پڑتے ہیں۔ ملکی دولت لوٹنے والوں کا آج تک کسی نے ہاتھ نہیں روکا۔ ملک کے اربوں کھربوں ڈکار لیے گئے لیکن احتساب کے تمام تر دعوے نقش بر آب ثابت ہوئے۔ موجودہ حکومت کی اب تک کی کارکردگی تقاریر کے علاوہ کچھ نہیں۔

ای پیپر دی نیشن