ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی تاریخی لمحہ، سری لنکن بورڈ کے شکر گزار ہیں: سابق کرکٹرز

Dec 10, 2019

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل بروز بدھ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ تقریباً ساڑھے دس سال بعد پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جا رہی ہے۔ سابق کرکٹرز کی جانب سے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ سابق کرکٹر راشد لطیف کاکہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ایک بہترین لمحہ ہے۔ دس سال کا انتظار ایک طویل عرصہ تھا اور اب وہ میچ کے آغاز کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ سابق کرکٹر معین خان کا کہنا ہے کہ یہ سیریز ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کیساتھ ساتھ پاکستان میں کرکٹ کے اہم ترین فارمیٹ کے مستقل انعقاد کا سبب بھی بنے گی۔ سابق کرکٹر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ایک دہائی بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ میچ کے انعقاد کے لیے اپنی ٹیم پاکستان بھجوائی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ دس سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر پی سی بی کی کوششو ں پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ سابق کرکٹر محمد یوسف کاکہنا ہے کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی یقیناََ ایک سنگ میل ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ایک جذبانی لمحہ ہے۔ طویل فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے وقت انہیں اندازہ ہوا کہ ٹیسٹ کرکٹ ہی کھیل کا اثاثہ ہے۔ سابق کرکٹر عمر گل کا کہنا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک دہائی کے بعد ملک میں واپسی پر بہت پرجوش ہیں اور وہ اس موقع پر سری لنکا کرکٹ ٹیم کے مشکور ہیں۔

مزیدخبریں