وزیراعظم عمران خان نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہدکی سیاسی ،سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیاہے۔وزیراعظم نے آج انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ اس دن ہمیں اپنی دعائوں میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادراورمظلوم عوام کو یادرکھناچاہیے جنہیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاسامناہے۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست کے بعد صورتحال مزیدخراب ہوگئی ہے اور گزشتہ چار ماہ سے زائد کے عرصے سے جاری غیرانسانی محاصرے اور دوسری پابندیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیاگیاہے۔وزیراعظم نے کہاکہ عالمی برادری کوکشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور ان کی آزادی کے حق میں اپناکرداراداکرناچاہیے۔انہوں نے بھارت پرزوردیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق کاپتہ لگانے والامشن بھیجنے کی اجازت دے تاکہ وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی اطلاعات کی تحقیقات کی جاسکیں۔وزیراعظم نے کہاکہ عالمی برادری کو اس دیرینہ تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر توجہ مرکوزکرنی چاہیے۔