واشنگٹن (شنہوا) امریکی سپریم کورٹ نے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی ریاست پنسلوانیا میں کامیابی کالعدم قرار دینے کیلئے ری پبلک پارٹی کی دائر درخواست کو مستردکر دیا ہے۔ درخواست مسترد کرنے کے ایک جملے پر مشتمل فیصلے پر ججز نے پنسلوانیا سپریم کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ رکن کانگریس، ری پبلکن کے رہنما اور صدر ٹرمپ کے حامی مائیک کیلی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ورچوئلی طور سے ریاست میں ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے۔ تمام ووٹ غیرقانونی ہیں۔ پنسلوانیا کی سپریم کورٹ نے قانونی چارہ جوئی میں غیرموزوں تاخیر کاحوالہ دیتے ہوئے گزشتہ ماہ اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاست انتخابی نتائج کو منجمد کر رہی تھی۔ جس کے نتیجے میں آئندہ ہفتے الیکٹورل کالج کے لئے ووٹنگ ہونے والی تھی۔