مخالفین افواج پاکستان کیخلاف زہر اگل کر ملک کوناکام ریاست بنانے پر تلے ہیں: منور شاہ جماعتی

لاہور(خصوصی نامہ نگار) یہ جو ہم اپنے گھروں میں سکون سے سوتے ہیں اسکے پیچھے یہ فوجی جوان ہی ہوتے ہیں جو سرحدوں پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ افواج پاکستان سرحدوں کی محافظ ہے، ان کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے ملک دشمن ہیں، پاکستان دنیا کی واحد مسلم ایٹمی طاقت ہے جس کیخلاف عالمی سطح پر پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جس میں ہماری صفوں میں شامل لوگ بھی شریک ہیں۔ پاکستان کی افواج نے بڑی بہادری کیساتھ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی جبکہ ہمسایہ ملک میں نیٹو کی درجنوں ممالک کی افواج بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھیں‘ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ اس وقت تمام عالم کفر اور اسلام مخالف قوتیں اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کو شام، لیبیا، عراق، افغانستان، مصر یا فلسطین بننے سے صرف اور صرف اسکی فوج نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے بچا رکھا ہے۔ اسی لئے پاک فوج دشمنوں کے نشانے پر ہے۔ پاکستانی عوام جان لے کہ آج ففتھ جنریشن وار شروع ہو چکی ہے اور پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ اسی وجہ سے ان حالات میں پاک فوج کیخلاف جو فیصلے یا اقدامات ہو رہے ہیں ان میں پاکستان کے دشمنوں کی سازشیں موجود ہیں۔ سید منور حسین شاہ جماعتی نے مزید کہا کہ مخالفین افواج پاکستان کیخلاف زہر اگل کر اس مملکت کو سراسر کمزور اور ناکام ریاست بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ طاغوتی طاقتیں ایک لمبے عرصے سے پاکستان کیخلاف جس جنگ کو جاری رکھے ہوئے ہیں، اب انہیں اندازہ ہو چکا ہے کہ ان کے گھناؤنے عزائم کے آگے سب سے بڑی رکاوٹ صرف اور صرف پاکستان کی مسلح افواج ہی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن