ریچھوں کی عدم  منتقلی، سیکرٹری موسمیاتی  تبدیلی، چیئر پرسن وائلڈ لائف آج اسلام آباد ہائیکورٹ طلب

Dec 10, 2020

 اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی احکام کے باوجود چڑیا گھر سے دو ریچھوں کی عدم منتقلی پر حکام کے خلاف توہین عدالت کیس آج دوبارہ سماعت کے لئے مقرر کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنی آبزرویشن میں کہا ہے کہ ہمارے علم میں لایا گیا ہے کہ ریچھوں کو بیرون ملک منتقل نہیں کیا جا رہا جبکہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے ریچھوں کے ایکسپورٹ پرمٹ منسوخ کر دیئے ہیں۔ عدالت نے ریچھوں کی عدم منتقلی کی صورت میں سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور چیئر پرسن اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ ذاتی حیثیت میں آج عدالت طلب کرلیا ہے۔ سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ پیش ہو کر بتائیں کہ کیوں نہ انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ ریچھوں کی عدم منتقلی کی صورت میں سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور چیئرپرسن وائلڈ لائف بورڈ آج گیارہ بجے پیش ہوں۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایاکہ بادی النظر میں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔ دو ریچھوں سوزی اور ببلو کو عدالتی احکامات کے تحت اردن کی چراگاہ میں منتقل کیا جانا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں ریچھوں کی منتقلی کیلئے انتظامات مکمل ہو چکے تھے۔ ایکسپرٹس اور عدالتی معاونین منتقلی کیلئے اسلام آباد پہنچے لیکن اجازت نہ دی گئی، پاکستان میں دونوں ریچھوں کو رکھنے کیلئے کوئی مناسب جگہ نہ ہونے پر تمام فریقین کی مرضی سے ریچھوں کی منتقلی کا حکم دیا گیا تھا۔

مزیدخبریں