لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و کوآپریٹوز راجہ بشارت نے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر قطعی غلط ہے کہ جلسوں سے حکومت چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کی قیادت میں خلوص دل سے عوام کی خدمت کر رہی ہے اور کامیابی سے پانچ سال پورے کرے گی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کی کرپشن سے تباہ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ہے۔ اپوزیشن سے ملک کی ترقی ہضم نہیں ہو پا رہی۔ یہ پھر ملک کو اپنے دور کی تباہی میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں چاہیے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا احترام کریں کیونکہ کرونا کی وباء دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ یہ اپنی اور ہزاروں معصوم لوگوں کی جان سے نہ کھیلیں۔ انہوں نے اپوزیشن کو نصیحت کی کہ جب کووڈ 19 کا خطرہ ٹل جائے تو شوق سے جتنے مرضی جلسے کریں لیکن موجودہ صورتحال میں سمجھداری سے کام لیں اور ملک بھر میں کرونا کی وباء نہ پھیلائیں۔