لاہور، ساہیوال، کمالیہ، وہاڑی (سپورٹس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + نمائندگان) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بدھ کی صبح وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو پنجاب کے تمام اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ کشمیر اور اس کے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش (پہاڑوں پر برفباری) کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات/صبح کے اوقات دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ بدھ کی شام تک گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد/ راولپنڈی، جہلم، منڈی بہاوالدین، چکوال، بھکر، اٹک، خوشاب، سرگودھا، گوجرانوالہ، میانوالی، گجرات، خانیوال، ملتان، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، حافظ آباد، لیہ اور ساہیوال کے اضلاع میں کہیں کہیں بارش (پہاڑوں پر برفباری) ہوئی۔ پنجاب کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا۔ گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مظفر آباد ائرپورٹ پر16.0 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ شہر، حافظ آباد، لیہ، ملتان، ساہیوال میں ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سرد ہواؤں نے باغوں کے شہر کا رخ کر لیا۔ بادل صبح سے ہی آسمان پر چھائے ہوئے تھے جو ایبٹ روڈ، لکشمی چوک اور شملہ پہاڑی سمیت دیگر علاقوں میں برسے تو درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو گئی۔ سردی بڑھنے پر شہری موسم کا لطف اٹھاتے نظر آئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ساہیوال اور گردو نواح میں صبح سویرے شروع ہونیوالی ہلکی بارش کا سلسلہ سارا دن وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ بجلی سارا دن بند رہی۔ بازاروں میں بھی رش کم رہا جبکہ لنڈے بازار میں کافی زیادہ رش دیکھنے میں آیا۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمالیہ شہر اور گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ اور مختلف علاقوں میں کیچڑ اور پھسلن پیدا ہو گیا۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردو نواح میں دن بھر وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ سردی بڑھتے ہی گیس،کوئلہ اور ایندھن کا دیگر سامان بھی مہنگا ہوگیا جبکہ خشک میوہ جات کی مانگ بڑھ گئی۔ لنڈا بازار کی رونقیں بحال ہوگئیں۔ شہری اپنے اور بچوں کیلئے گرم کپڑے اور جوتے لیتے بھی دکھائی دیئے۔ ماہرین کے مطابق آئندہ چند دنوں میں سردی مزید بڑھنے کا امکان ہے۔