اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جو بائیڈن کی چاپلوسی کے بجائے علیمہ باجی کی بیرون ملک جائیدادوں کا راز قوم کو بتائیں۔ جو بائیڈن کو بتائیں کہ ترقی پذیر ممالک سے بدعنوان اشرافیہ نے لوٹ مار کرکے امریکہ میں پیزے کا کاروبار شروع کیا۔ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس سے بھاگنا ثبوت ہے کہ آپ کی ناجائز دولت پکڑی گئی ہے۔ عمران صاحب آٹا، چینی چوری میں آپ کی ناجائز دولت نہیں چھپے گی۔ عوامی دولت لوٹنے کا جواب دینا ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب چھ سال سے اربوں روپے کے فارن فنڈنگ کیس میں آپ مفرور ہیں۔ اس کے بارے میں بتائیں۔ عمران صاحب 23 خفیہ فارن فنڈنگ اکائونٹس کا بتائیں جو سٹیٹ بنک نے پکڑے ہیں۔ پارلیمنٹ کے بعد الیکشن کمشن کو بھی تالا لگا دیا تاکہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت نہ ہو۔ عمران صاحب فارن فنڈنگ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کرنے سے آپ کی ناجائز دولت نہیں چھپے گی۔