مرغزار چڑیا گھر کو  مارگلہ وائلڈلائف کنزرویشن سینٹرمیں تبدیل کرنے کا فیصلہ 

Dec 10, 2020

 اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اسلام آباد مرغزار چڑیا گھر کو عالمی سطح کے مارگلہ وائلڈلائف کنزرویشن سینٹرمیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  اس حوالے سے  ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد جامع لائحہ عمل بھی تیار کرلیا گیا۔ بدھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری ایک بیان کے مطابق ملک امین اسلم نے کہا کہ اسلام آباد مرغزار چڑیا گھر کو عالمی سطح کے مارگلہ وائلڈلائف کنزرویشن سینٹرمیں تبدیل کرنے کا  فیصلہ اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمینٹ بورڈ کے اہم اجلاس میں کیا گیا،  مارگلہ وائلڈلائف کنزرویشن سینٹر وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کے کلین اینڈ گرین ایجنڈے کی روشنی میں قائم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ وائلڈلائف کنزرویشن سینٹر کو قائم کرنے کے حوالے سے جامع پلان ماہرین کے ساتھ مشاورت کے بعد تیار کرلیا گیا ہے۔ یہ عالمی نوعیت کا وائلڈلائف کنزرویشن سینٹر 82 ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا جس میں مقامی اقسام کے جانوراوپن سینکچوریز میں رکھے جائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ عوامی تفریح اورعوامی آگاہی کے لیے سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں