اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کرونا کی شدت کے دوران سیاسی سرگرمیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیارکرتی جا رہی ہے، عوام کو حتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا، کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے،عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے،ملک کو درپیش بحران پر قابو پانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہونگے،معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری مہم پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔بدھ کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے ملاقات کی ،ملاقات میں ملک کی موجود مجموعی سیاسی،معاشی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے تمام صوبوں کو وفاق کے ساتھ مل کر خصوصی اقدامات اٹھانے ہونگے،پہلے سے کمزور ملکی معیشت کورونا وباء کی پابندیوں کا متحمل نہیں ہو سکتی،ملک کو درپیش بحران پر قابو پانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہونگے،معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری مہم پر حقیقی معنوں میں عمل کرنے کی ضرورت ہے،وفاق اور صوبوں کو قانون سازی کے ذریعے عوامی نوعیت کے اہم مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے،وفاق صوبوں کو درپیش مسائل کے حل اور صوبوں کو مکمل با اختیار بنانے میں سنجیدہ ہے، اسدقیصر نے کہا کہ ملک ایک بار پھر مشکل دور سے گزر رہا ہے،موجود ہ نازک حالات میں ملک سیاسی افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا،کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیارکرتی جا رہی ہے عوام کو حتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہو گا، کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے،عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنے کی ضرورت ہے،ملک کورونا کی شدت کے دوران سیاسی سرگرمیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،ملکی مسائل کا حل پارلیمنٹ کی بالادستی میں مضمر ہے، اسد قیصر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی بروقت تکمیل کے خواہشمند ہیں،سی پیک منصوبہ کی تکمیل سے صوبے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی جس سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشتاق غنی نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا، وفاق کے ساتھ شانہ پشانہ کھڑی ہے،ملک کو بحران سے نکالنا پارلیمانوں میں موجودہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ملکی مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا،کورونا وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے،بطور سیاستدان تمام سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں،سی پیک منصوبہ ملک میں معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔