میلسی(نمائندہ نوائے وقت)20 سالہ نوجوان پائوں پھسلنے سے ڈھمکی نہر میں جا گرا ، 1122 اور اہل علاقہ کی کوششوں کے باوجود 2 روز گزر جانے پر بھی نعش نہ ملی ، اہل علاقہ نے محکمہ انہار کی جانب سے نہر بند نہ کرنے پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے میلسی وہاڑی روڈ بلاک کر دیا مظاہرین کے ہمراہ نہر میں گرنے والے 20 سالہ جاوید حسین کے والد محمد عاشق نے بتایا کہ اس کا بیٹا گذشتہ روز نہر کے کنارے منہ دھونے کیلئے موجود تھا کہ اس دوران پائوں پھسلنے سے شیر گڑھ ہیڈ کے قریب ڈھمکی نہر میں جا گرا ہل علاقہ نے اس کی چیخ و پکار پر بچانے کی کوشش کی لیکن وہ تیز رفتار پانی کے بہائو میں گہرے پانی میں چلا گیا/ اس دوران ہم نے 1122 کو اطلاع دی ان کی ٹیم نے تلاش شروع کی اور رات ہونے پر آپریشن روک دیا اس بارے محکمہ انہار کے حکام کو مذکورہ نہر کا پانی بند کرنے کی استدعاکی گئی لیکن ایس ڈی او اور ایکسیئن نے انکار کر دیا دوسرے روز بھی 1122 اور اہل علاقہ میرے بیٹے کی تلاش میں مصروف ہیں لیکن نہر بند نہیں کی جا رہی اس موقع پر مظاہرین جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی اور انہوں نے میلسی وہاڑی روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک بند کر دی۔ اطلاع ملنے پرڈی ایس پی مہر وسیم احمد سیال موقع پر پہنچ گئے اور محکمہ انہار کے حکام سے رابطہ کر کے نہر کا پانی بتدریج کم کروایا اور مظاہرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تا ہم دوسرے روز بھی رات گئے تک نوجوان کی نعش نہ مل سکی ۔