لاہور(خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک کو کرپشن نے برباد کیا۔ قومی وسائل لوٹنا دہشت گردی سے بڑا سنگین جرم ہے۔بدقسمتی سے کرپشن کنگز کو قانونی ریلیف مل جاتا ہے۔ نیب کے کردار سے خوف ضرور پیدا ہوا مگر ریکور ی مایوس کن ہے۔ عوام دشمن نظام کے سبب آج ہمارے معاشرے میں جس طرح کی کرپشن اور بدعنوانیاں قدم جما چکی ہیں اس سے زندگی کا ہر شعبہ بدیانتی،خوردبرد،لوٹ کھسوٹ،اخلاقی بے راہ روی،ظلم و زیادتی،اقربا پروری سمیت دیگر بہت سی برائیوں کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے۔سابق حکمران شریف برادران نے اپنے دور اقتدار میں ماڈل ٹا?ن میں بے گناہوں کا قتل عام کروایا۔اقتدار کے نشے میں مست ان ظالموں کی گرفت کرنیوالا بھی اس وقت کوئی نہ تھا۔کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر کے ملک لوٹنے والے یہ قاتل اور لٹیرے آج بھی اپنے اثر و رسوخ کی بدولت قانون کی کڑی گرفت اور بے رحم احتساب سے بچ رہے ہیں۔اس عوام دشمن نظام نے معاشرے کو دو حصوں میں تقسیم کر کے رکھ دیا ہے ایک وہ جو ملکی وسائل پر قابض ہے اور دوسرا وہ طبقہ جو محروم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدعنوانی کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔