بیجنگ(نیٹ نیوز) چین نے بھارت کے ساتھ مشترکہ یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ منسوخ کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے سٹیٹ پوسٹ بیورو نے رواں سال اپریل میں دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر یادگاری ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس ٹکٹ پر چین کے گانسو صوبے کی مگاؤ غاروں کی تصاویر شائع کی جانی تھیں جو بدھ تاریخ کے اعتبار سے دونوں ممالک میں ثقافتی اشتراک کو ظاہر کرتیں۔ تاہم چین کے محکمہ ڈاک نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کردیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات سے متعلق یادگاری ٹکٹ کے اجرا کا فیصلہ منسوخ کردیا گیا ہے۔رواں سال جون میں لداخ کے سرحدی تنازعے میں دونوں ملکوں میں کشیدگی اور 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے چین بھارت تعلقات میں تناؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ چینی محکمہ ڈاک کی جانب سے حالیہ اقدام کے اسباب کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے تاہم مبصرین اسے دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی کا تسلسل قرار دیتے ہیں۔