اسلام آباد(نا مہ نگار) اقوام متحدہ کے فنڈ برائے اطفال( یونیسف) نے کہا ہے کہ سکول کورونا پھیلانے کی بڑی وجہ نہیںہے،حکومتیںسکولوں کو دوبارہ کھولنے کو ترجیح دیں ، سکول کی بندش کا سامنا کرنے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔اقوام متحدہ کے اس ادارے کے مطابق یکم دسمبر تک دنیا بھر میں سکول جانے والے ہر پانچ میں سے تقریبا ایک بچہ یا 32کروڑ بچوں کی کلاسیں بند تھیں،یہ ایک ماہ میں تقریبا 9کروڑ طلبا کا اضافہ ہے۔یونیسیف نے کہا ہے کہ 191ممالک کا ڈیٹا استعمال کرتے ہوئے ایک حالیہ جائزے سے معلوم ہوا ہے کہ سکول کی صورتحال اور علاقے میں کووِڈ 19انفیکشن کی شرح میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ یونیسیف نے کہا کہ اس بات کا ثبوت معمولی ہے کہ سکولوں کی وجہ سے انفیکشن کے پھیلا میں اضافہ ہوتا ہے اور بظاہر بہت زیادہ سکولوں کو غیر ضروری طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ یونیسیف نے حکومتوں پر زور دیا کہ سکول دوبارہ کھولنے کو ترجیح دی جائے اور انہیں محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔یونیسیف کے عالمی سربراہ برائے تعلیم رابرٹ جینکنز نے کہا کہ ہم ایک پریشان کن رجحان دیکھ رہے ہیں کہ حکومتیں ایک بار پھر سکولوں کو آخری عمل کے بجائے پہلی تدبیر کے طور پر بند کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کا اپنی تعلیم، ذہنی و جسمانی صحت اور حفاظت پر تباہ کن اثرات سے متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
سکول کرونا پھیلانے کی بڑی وجہ نہیں ہے، یونیسف
Dec 10, 2020