اپوزیشن کے استعفوں سے حکومت کی آئینی و قانونی حیثیت کو کوئی خطرہ نہیں. ہمایوں اخترخان

Dec 10, 2020 | 16:51

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وفاق،پنجاب اور سندھ میں کئی کئی بارحکومتیں کرنے والوں نے ایسا کونسا نسخہ ایجاد کر لیا ہے جو وہ دوبارہ حکومت میں آنے کے بعد معیشت اورگڈ گورننس کی بہتری کیلئے آزمائیںگے,ساری پی ڈی ایم میں سب سے زیادہ بے چینی اوراضطراب صرف نواز شریف،مریم صفدر اورمولانافضل الرحمان کے چہروں پر نظر آتاہے ، سب کو پتہ ہے مریم صفدرکوآج بیرون جانے کی اجازت مل جائے تو وہ پی ڈی ایم کی تحریک سے لاتعلق ہوکر اپنا سامان باندھ لیں گی ۔اپنے دفتر میں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ استعفوں کی بات ہردور میں سنتے آئے ہیں ، آئینی ماہرین واضح کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن کے استعفوں سے حکومت کی آئینی و قانونی حیثیت کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ اپوزیشن اراکین کی جانب سے استعفے دینے کے معاملے پر مزاحمت کاسلسلہ شروع ہو گیا ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں شدت آئے گی ۔اراکین سوال کر رہے ہیں ہم کسی کے ذاتی مفادات کی تکمیل کیلئے کیوں عوام کے مینڈیٹ کی توہیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جلسے ،جلوس یا ریلی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے پیشگی اقدامات کرنا حکومت اوراداروں کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ کوروناایس او پیز پر فاضل عدالت بھی واضح طو رپر کہہ چکی ہے لیکن اپوزیشن اسے بھی کسی خاطرمیں نہیں لا رہی ۔ پاکستا ن کورونا وباء کی دوسری لہر میں لاک ڈائون کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے اپوزیشن کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرناچاہیے۔

مزیدخبریں