لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافے کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی مزید مہنگی کرنا عوام کا معاشی قتل ہے۔ نومبر کے بلوں سے بجلی کی قیمتوں میں سالانہ اضافہ کرکے عوام کی جیبوں پر پہلے ہی اربوں روپوں سے زائد کا ڈاکہ مارا گیا۔آئی ایم ایف کے اشاروں پر بجلی مہنگی کرکے عمران خان مقامی سے ایک عالمی کٹھ پتلی کا روپ دھار چکے ہیں۔ پہلے دن سے ہم نے پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف آواز بلند کی، آج کہاں گئے معاشی ترقی کے وہ بڑے بڑے دعوے؟۔ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے والے عمران خان قوم کے مجرم ہیں، ہم انہیں معاف نہیں کریں گے۔ پیپلزپارٹی آج مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی۔ مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے احتجاج کا تسلسل اب موجودہ حکومت کے خاتمے تک جائے گا۔ ایک اور بیان میں بلاول نے زور دیا ہے کہ ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے کہ جمہوریت کو مضبوط اور جمہوری روایات کو پروان چڑھایا جائے۔ حقیقی جمہوری معاشروں میں انسانی حقوق پر مصلحت کا تصور بھی نہیں کیا جاتا، لیکن پاکستان میں طویل عرصے تک آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں کے برسر اقتدار ہونے کے باعث انسانی حقوق کی پامالی کے لیے ہمہ وقت تیار عناصر ہر جگہ موجود ہیں۔ ہم پرامن بقائے باہمی کا ایسا ماحول پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ عالمی برادری کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اپنا فرض نبھانا ہو گا۔ دوسری جانب بلاول سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ حسن مرتضی ،اسلم گل،علی بدر، جہانزیب بدر، فرخ بصیر، سید مظفر شاہ، نسیم صابر، ذیشان شامی ،احسن رضوی ،حماد شاہ اور وسیم صادق موجود تھے۔ بلاول نے کہا کہ این اے 133کے ضمنی الیکشن میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کارکن تعریف کے مستحق ہیں۔
بجلی کی قیمت میں اضافہ معاشی قتل ، آج مہنگائی کیخلاف مظاہرے کر ینگے: بلاول
Dec 10, 2021