پنجاب اسمبلی :اراضی متاثرین محکمہ ہائی ویز کے حق کیلئے   ربعیہ نصرت کی تحریک التوا 

Dec 10, 2021

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) محکمہ ہائی ویز کے اراضی متاثرین رقم کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے کیخلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔تحریک مسلم لیگ ن کی ایم پی اے ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی ۔ متن میں کہا گیا کہ محکمہ ہائی ویز میں کرپٹ افسران نے مختلف پراجیکٹس میں آنیوالی زمینوں کے متاثرین کو بھی نہ چھوڑا۔سستے داموں زمینیں دینے کے باوجود رقم کے حصول کیلئے متاثرہ افراد دھکے کھانے پر مجبورہیں۔ساہیوال بائی پاس، گوجرانوالہ شیخو پورہ روڈ،نارووال روڈ کی توسیع کے متاثرین تاحال رقوم کے انتظار میںہیں۔محکمہ ہائی ویز کے کرپٹ افسران کیخلاف شہریوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ(ن) کی رکن حناپرویز بٹ نے تحریک طالبان پاکستان کے درجنوں قیدیوں کی خاموش رہائی پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔علاوہ ازیں جنرل ہسپتال میں ادویات کی قلت کیخلاف بھی قرارداد جمع کرادی گئی۔ قرارداد مسلم لیگ(ن) کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

مزیدخبریں