شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ضلعی صدر کنور عمران سعید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے لیے مافیا کا مقابلہ کررہے ہیں، تحریک انصا ف حکومت کاہر قدم ملکی سلامتی وترقی اور عوامی خوشحالی کی منزل کی طرف اٹھ رہا ہے، وزیر اعظم عمران خان ملک میں تمام بحرانوں کا خاتمہ اور کرپشن کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے اپنے ادوار اقتدار میں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کی خدمت کی اور نہ ہی کرپٹ اپوزیشن قیادت پی ٹی آئی کی حکومت کو ملک و قوم کی خدمت کرتادیکھ سکتی ہے، اپوزیشن حکومت گرانے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہے جس میں اسے کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا، کنورعمران سعید ایڈووکیٹ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی سیاست کا مرکز و محور عوام کو درپیش بحرانوں سے نجات دلانا اور وطن عزیز میں غریب کا معیار زندگی بلند کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرنا ہے۔