لاہور + قصور+ کھڈیاں خاص(نامہ نگاران+ نمائندہ نوائے وقت) لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ قصورمیںایک ماہ قبل ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے آڑھتی سیٹھ ساجد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑگیا، پولیس ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ 9 نومبر کو منڈی عثمان والا کے رہائشی حاجی محمد عنایت آڑھتی کا بیٹا سیٹھ ساجد نجی بینک سے رقم نکلوا کر موٹرسائیکل پر واپس جا رہا تھا ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا، مضروب سیٹھ ساجد جنرل ہسپتال لاہور میں زیر علاج تھا۔ علاوہ ازیں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوؤں نیہنجروال کے علاقے مرغزار کالونی میں شادی کی تقریب سے واپس گھر آنے والی خواتین سے 20 لاکھ 8 سو روپے، کاہنہ میں ساڑھے 7 لاکھ، شمالی چھاؤنی سے 4 لاکھ 32 ہزار، سبزہ زار سے 3 لاکھ 75ہزار، ہنجروال سے بنک سے پیسے نکلوا کر نکلنے والے شہری شاہجہان سے 3 لاکھ 30ہزار، وحدت کالونی سے 3 لاکھ، جوہر ٹاؤن سے 2 لاکھ 55 ہزار، ہئیر سے ایک لاکھ 18ہزار، سمن آباد سے 75ہزار، لٹن روڈ کے علاقے سے 35 ہزار، سمن آباد کی گارمنٹس کی دکان سے 77 ہزار، لوئر مال سے 59 ہزار، رائیونڈ سے 58 ہزار، باغبانپورہ سے 42 ہزار، شاہدرہ ٹاؤن سے 40 ہزار، غازی آباد سے 36 ہزار، قائد اعظم انڈسٹریل سٹیٹ سے 35 ہزار، لٹن روڈ سے 35 ہزار روپے، کاہنہ سے 28 ہزار، شیراکوٹ سے 18 ہزار، اسلام پورہ سے نقدی و موبائل فون ، شاہدرہ سے 16 ہزار، سندر سے 15 ہزار، راوی روڈ میں دکان سے11 ہزار 700، ٹاؤن شپ میں کولڈ ڈرنکس کی دکان ہزاروں روپے نقدی، ساندہ سے 11 ہزار روپے، ہربنس پورہ سے 10ہزار، فیصل ٹاؤن سے 8 ہزار روپے، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکل و دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔چوروں نے غازی آباد اورکینٹ کے علاقوں سے 2کاریں، باغبانپورہ ، گرین ٹاؤن، چوہنگ ، شاہدرہ ٹاؤن اور راوی روڈ کے علاقوں سے 5رکشے جبکہ سمن آباد ، جنوبی چھاؤنی ، ہربنس پورہ ، مناواں ، گارڈ ن ٹاؤن ، اقبال ٹاؤن اور نولکھاکے علاقوں سے7موٹر سائیکلیں چوری کرلیں اور فرار ہو گئے ہیں۔
ڈاکے