سندھ حکومت کو عوام سے سروکار نہیں‘ نوجوان شدت پسندی مسترد کر دیں: فواد 

Dec 10, 2021

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سندھ پر ایسی حکومت مسلط ہے جسے عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ آٹا اور چینی کے نرخ سندھ میں زیادہ ہیں، صحت کارڈ اور راشن پروگرام سے سندھ کے عوام محروم ہیں، سندھ کے نمائندوں کو اپنے وزیراعلی سے سوال پوچھنا چاہئے کہ وہ سندھ کے عوام سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں۔ ہم نے ن لیگ کی طرح اورینج ٹرین اور بجلی کے مہنگے منصوبے لگا کر معیشت کا بیڑہ غرق نہیں کیا۔ اپوزیشن ریت کی دیوار کی مانند ہے جو کھڑی ہوتی ہے اور گر جاتی ہے، 23 مارچ تک پی ڈی ایم رہ گئی تو مارچ کر لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت کم مثالیں موجود ہیں کہ کرونا وبا کے بعد کوئی ملک 5 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے۔  پاکستان کی معیشت میں 5 فیصد گروتھ ریٹ کو آئی ایم ایف بھی تسلیم کر رہا ہے، 50 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو آٹا، دال اور گھی پر 30 فیصد رعایت ملے گی، انہیں آٹا 2018کی قیمت کے مقابلے میں کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ چوہدری فواد حسین نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی کا سروے ہو یا کوئی اور سروے، طویل عرصے بعد سیاسی حکومت کے بارے میں یہ اعتماد ظاہر ہوا ہے کہ وہ کرپٹ عناصر پر مشتمل نہیں، عوام کو وزیراعظم کی ذات پر یہ اعتماد ہے کہ وہ ذاتی مفادات کیلئے کوئی کام نہیں کریں گے۔  فواد چودھری نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان شدت پسندی مسترد کر دیں۔  کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا، کھیلوں کی سرگرمیوں سے نوجوان طبقے میں تعمیری جذبہ پیدا ہوتا ہے، نوجوان کھیلوں میں اپنی صلاحیتیں نکھار کر دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریں، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو میں نوجوانوں کی شرکت حوصلہ افزا ہے، پاکستان کی گرلز پر فخر ہے جنہوں نے ہر میدان میں پاکستان کا ساتھ دیا۔  وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے نوجوانوں میں کھیلوں کے میدان میں جوش و جذبہ پیدا ہورہا ہے، کھیلوں سے لگاؤ رکھنے والے نوجوانوں کو کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کے ذریعے مشغول کیا ہے، پاکستان کے نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنا ہدف ہے، اگر نوجوان کامیاب ہوگا تو پاکستان کامیاب ہوگا۔ وفاقی وزیرمواصلات  مراد سعید نے کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرکے ہاکی کا کھویا ہوا مقام واپس لائیں گے، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، پاکستان میں نوجوان ہر شعبے میں باصلاحیت ہیں، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے نواجوانوں کو وسائل مہیہ کیے جائیں گے، پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے نہ صرف میچ جیتا بلکہ مختلف ریکارڈ بھی توڑے۔ 
فواد

مزیدخبریں