انسداد بد عنوانی کے عالمی دن پر ملتان سمیت مختلف شہروں میں آگاہی واکس

ملتان‘ مظفرگڑھ‘ وہاڑی‘ لودھراں‘ میلسی (نمائندہ نوائے وقت‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندوں سے) انسداد بد عنوانی کے عالمی دن کے موقع پر ملتان سمیت مختلف شہروں میں آگاہی واکس اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام میں رشوت ستانی کے خلاف شعور بیدار کرناہے۔کرپشن فری پاکستان مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ظلم ہے اور دوسرے کا حق غضب کرنے کا نام ہے۔کرپشن کے خاتمے کیلئے ہمیں قناعت پسندی کو اپنانا ہوگا۔  کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے نیب ملتان کے زیر اہتمام انسداد رشوت ستانی آگاہی واک و سیمنار میں بھی شرکت کی۔سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں کرپشن میں ملوث پولیس افسران کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔وہاڑی میں ڈپٹی کمشنر محمد خضر افضال چوہدری کی قیادت میں انسداد بدعنوا نی کے عالمی دن کے موقع پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی واک ڈی سی آفس سے وی چوک تک نکالی گئی جس میں اے ڈ ی سی ریونیو اشفاق الرحمن خان، ڈپٹی ڈائر یکٹر اینٹی کرپشن غضنفر طفیل کمبوہ، سید وسیم حسن، محمد صہیب عمران، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، میاں اطہر، ڈاکٹر صفدر رانا،راؤ نعیم خالد، چوہدری ندیم اکرم پرویز، سماجی کارکن نوشین ملک دیگر افسران، ملازمین، طلبا،اساتذہ اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔مظفرگڑھ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق کی قیادت میں ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک واک کی گئی، واک میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ملتان حیدر علی، سی ای او تعلیم سید کوثر حسین، پرنسپل کوڑا خان بپلک سکول طاہر بشیر، ریسکیو 1122سے اسامہ، ٹیچر یونین کے عہدیدار عبدالغفار کاکڑ سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلاء ، اساتذہ، طلباء  اور سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکار وں، سول ڈیفنس کے رضا کاروں اور ٹائیگر فوری کے رضا کاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، واک کے شرکائنے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بد عنوانی کے خلاف مختلف نعرے تحریر تھے۔لودھراں میں ڈی پی او عبدالروف بابر  قیصرانی نے کہا کہ کرپشن اور فرائض سے پہلو تہی کرنے والوں کے لیے محکمہ پولیس میں کوئی جگہ نہیں پولیس افسران اپنے بچوں کو رزق حلال کھلائیں۔میلسی میں انٹی کرپشن ڈے کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر میلسی غلام مصطفی سیہڑ نے کی۔ ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی سے ہوا اور ریلوے پھاٹک تک اختتام پذیر ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن