لاہور( کامرس رپورٹر)پروفیشنل ریسرچ فورم کے چیئرمین سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ منی بجٹ کے ذریعے مختلف شعبوں کیلئے ٹیکسوںمیںچھوٹ ختم کرنا اپنے ہاتھوں سے سسکتی ہوئی معیشت کی سانسیں روکنے کے مترادف ہے ،رئیل اسٹیٹ سیکٹر ابھی چلنا بھی شروع نہیں ہوا اوراس پر یلغار بھی کر دی گئی ہے۔ ’’ ٹیکس مذاکرے ‘‘ میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر من و عن عمل کرنے کی بجائے معیشت کودرپیش مشکلات سے آگاہ کرے۔ اگرموجودہ حالات میںمعیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو متحرک کرنے کی بجائے ان کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو اس سے غربت اور بیروزگار ی میںمزید اضافہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ تعمیراتی شعبے کوحکومت کے اعلان کے مطابق ایمنسٹی ملنا تھی لیکن کڑی اوربے جا شرائط کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔انہوںنے کہا کہ جس طرح بار اور بنچ کی ہم آہنگی کے بغیر انصاف کی فراہمی ممکن نہیں اسی طرح ٹیکس بارز ، چیمبرز ،چارٹر اکائوننٹنٹس فرموں کے بغیر ٹیکس نظام میں بہتری اور ٹیکس بیس اور ٹیکس نیٹ میں بہتری ممکن نہیں۔
منی بجٹ میں ٹیکسوں کی چھوٹ ختم کرنا معیشت کی سانسیں روکنے کے مترادف ہے: حسن علی قادری
Dec 10, 2021