کراچی (کامرس رپورٹر)ماضی کی حکومتیں غیرقانونی تجارت کا سدباب کیے بغیر پاکستان سگریٹ کے دستاویزی کاروبار پر ٹیکس میں اضافہ کو ریونیو بڑھانے کے طریقے کے طور پر استعمال کرتی رہی ہیں تاہم پہلی مرتبہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی شکل میں ٹیکس چوری اور غیرقانونی تجارت کی روک تھام کے لیے ایک موثر قدم اٹھایا گیا ہے۔ماہرین نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو مفید قرار دیتے ہوئے اس نظام پر سختی سے عمل درآمد پر زور دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا آغاز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے کیا گیا تاہم اب تک سگریٹ بنانے والی تمام کمپنیوں کو اس نظام کی نگرانی میں نہیں لایا گیا۔یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ وزیر اعظم عمران خان بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو پاکستان میں ٹیکس کلچر مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم کے ساتھ ایف بی آر کی ٹیکس وصولی کی استعداد بہتر بنانے میں معاون قرار دے چکے ہیں جس سے مستقبل قریب میں ٹیکس وصولیاں 8ہزار ارب روپے تک بڑھانا ممکن ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان نے ٹیکس ریونیو میں اضافہ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی ڈی پی سے ٹیکسوں کے پست تناسب کی وجہ سے حکومتیں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وسائل مہیا نہیں کرپاتیں تاہم اب ٹیکنالوجی کا استعمال ٹیکس سسٹم کو مضبوط اور کارگر بنانے اور ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔ ماہرین کو امید ہے کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ اس کے مقاصد اور افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے موثر انداز میں کیا جائے گا کیونکہ وزیر اعظم عمران خان اس سسٹم کی تعارفی تقریب میں کہہ چکے ہیں کہ وہ دیگر صنعتوں پر اس نظام کے اطلاق کے بعد خود ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نتائج کی نگرانی کریں گے۔ اب تک ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ٹوبیکو اور شوگر انڈسٹری پر نافذ کیا گیا ہے جو ٹیکس چوری کے لحاظ سے سرفہرست شعبوں میں شامل ہیں، جلد ہی دیگر بڑی صنعتوں سیمنٹ، اسٹیل، فریٹلائزر پر بھی ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لاگو کیا جائے گا۔انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق صرف ٹوبیکو سیکٹر میں سگریٹ کی غیرقانونی فروخت سے قومی خزانے کو سالانہ70ارب روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے۔ماہرین پرامید ہیں کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ سے ریونیو میں ہونے والا اضافہ معاشی نقصانات کم کرنے کے ساتھ سماجی بہتری، انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور صحت تعلیم اور پینے کا صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں مہیا کرکے عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کے لیے وسائل مہیا کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ طویل عرصہ تک زیر التوا رہنے والے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا کامیابی سے نفاذ وزیر اعظم عمران خان کے پختہ سیاسی عزم اور ان کی معاشی ٹیم کی شبانہ روز کاوشوں کا نتیجہ ہے تاہم اس کے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے نظام کے موثر اطلاق کو یقینی بنانا ہوگا۔
ٹریک اینڈ ٹریس
ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے اہم ذریعہ ثابت ہوگا
Dec 10, 2021