کراچی(کامرس رپورٹر)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری نے ممبران اور ان کے ملازمین کو ٹیکس فائلنگ اور متعلقہ کاروباری خدمات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بیفائلرکے ساتھ باہمی مفاہمت کی ایک یادداشت ( ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں تاکہ ممبران میں ٹیکس فائلنگ کے کلچر کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ محمد زبیر موتی والا، سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر عبدالرشید، سینئر نائب صدر سعود محمود، نائب صدر محمد کامران عربی، سینئر ممبران انور عزیز، ریاض الدین، عبدالقادر بلوانی جبکہ بیفائلر کے چیئرمین اسد علی شاہ اور سی ای او اکبر علی بھی موجود تھے۔ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کی اس شراکت داری کے ساتھ سائٹ ایریا جوملک کے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے صنعتی زون میں سے ایک ہے جس کے ممبران بیفائلر ایپ یا پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ٹیکس ریٹرن فائل کر سکیں گے اور اس عمل کو مؤثر طریقے سے انجام دینے، فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست کا حصہ بننے کے لیے معاونت اور رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔ سائٹ صنعتی ایریا مختلف سائز کے 4,500 سے زائد صنعتی یونٹس پر مشتمل ہے جس میں ٹیکسٹائل، ہیوی مشینری، مشروبات، آٹوموبائلز، سلک، آئل، صابن، فوڈ، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل، اسٹیل، گلاس، پینٹس، ریڈی میڈ گارمنٹس وغیرہ کے یونٹس قابل ذکر ہیں۔اس شراکت داری کے ساتھ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری ایک ذمہ دار اور ٹیکس سے مطابقت رکھنے والے ادارے کی طرف ایک اور قدم اٹھا رہی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے ممبران اور پاکستان کے شہریوں کو نظم و ضبط اور ہم آہنگ کاروباری ماحول کو فروغ دینے کے عزم کے حوالے سے ایک مضبوط پیغام فراہم کر رہا ہے۔ بیفائلر پاکستان کا سب سے بڑا اور واحد ڈیجیٹل ٹیکس فائلنگ پلیٹ فارم ہے جو حقیقی معنوں میں ڈیجیٹل این ٹی این رجسٹریشن اور ٹیکس فائل کرنے کا تجربہ پیش کرتا ہے اور اپنے کلائنٹس کو کالز، لائیو چیٹ اور واٹس ایپ کے ذریعے اپنی خدمات اور اضافی مدد فراہم کرتا ہے۔
سائٹ ،بیفائلر