سلام آباد(نمائندہ خصوصی)عالمی دنیا مقبوضہ جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کے خلاف بھارتی مظالم اور انصاف کی پامالیوں کا نوٹس لے۔بھارتی قیدی ونگ کمانڈر ابھی نندن کیلئے جنیوا کنونشن ہے تو کشمیری قیدیوں کیلئے جنیوا کنونشن کیوں نہیں ہے۔اقوام متحدہ کے بننے کا مقصد مظلوم اقوام کو انصاف مہیا کرنا ہے مگر یو این کشمیریوں کو انصاف مہیا کرنے میں ناکام رہی ہے،ان خیالات کا اظہارپارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریارخان آفریدی ،پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر،وائس چانسلر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس ندیم الحق،29 سال سے قید حریت رہنما ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم ،صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی،پروفیسر خرم الٰہی ودیگر نے کشمیریو تھ الائنس اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے اشتراک سے اسیران کشمیر سیمینار کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کے سیاسی قیدیوں کے خلاف خطرناک جرائم کا ارتکاب کررہی ہے،ڈاکٹر قاسم فکتو،آسیہ اندرابی،مسرت عالم،ناہیدہ نسرین،یاسین ملک،فہمیدہ صوفی اور سید شبیر احمد شاہ کو جیل میں بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں،نوجوان ،طلباء وطالبات مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے بارے میں عالمی دنیا میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے جدید ٹولز کااستعمال کریں،پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کشمیری ثقافت کے تحفظ اور فروغ کیلئے کام کرہی ہے،کشمیر پریمئر لیگ کے کامیاب انعقاد نے دنیا میں ثابت کردیاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی ظلم وجبر کا راج ہے جبکہ آزاد کشمیر کشمیر کا ترقی پزیر اور پروان چڑھتا حصہ ہے۔بھارتی جیل میں طویل ترین عرصے سے قید ڈاکٹر قاسم فکتو کے بیٹے احمد بن قاسم نے بھارتی جیل میں قید مقبوضہ جموں وکشمیر کے قیدیوںکی کہانیاں سنائیں،ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے مقبوضہ جموں کشمیر کے ابتر حالات شرکاء کے سامنے رکھے ،انجینئر خرم دستگیر نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قیدیوں کی بدترین بھارتی تشدد کا سامنا ہے لیکن انہوں نے ہار نہیں مانی ،ڈاکٹر قاسم فکتو کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
شہریار آفریدی