پانچویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا ء کا نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ 

Dec 10, 2022

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)پانچویں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وفد کی قیادت کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل جاوید اقبال کر رہے تھے۔ ورکشاپ کے شرکا کو پاک بحریہ کے چیلنجز اور لائحہ عمل بشمول بلیواکانومی کے فروغ میں پاک بحریہ کے کردار پر بریفنگ دی گئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بحری سیکیورٹی سے متعلق امور اور ملک میں میری ٹائم آگاہی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے سمندری اور ساحلی سیکیورٹی کو بڑھانے، آپریشنل تیاریوں اور ساحلی آبادی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک بحریہ کے اقدامات سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا۔ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا میں سینیٹرز, اراکین پارلیمنٹ، پالیسی میکرز، بیوروکریٹس، ماہرین تعلیم، تاجر برادری اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔ شرکا نے ملک کو درپیش میری ٹائم چیلنجز کا کامیابی سے سدباب کرنے پر پاک بحریہ کے کردار اور کوششوں کو بیحد سراہا اور قیمتی تجاویز بھی پیش کیں۔

مزیدخبریں