لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان وزیراعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے لبرٹی چوک میں الیکشن کرائو‘ ملک بچائو ریلی کے آغاز سے قبل رہنما تحریک انصاف شفقت محمود کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تجربہ کار ٹیم نے 8 ماہ میں 45 فیصد مہنگائی کر دی۔ 222 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کر دیا۔ انہوں نے کہا 2 کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے ہیں۔ الیکشن کروائے بغیر ان کی جان چھوٹنے والی نہیں۔ ہر پاکستانی اس کرپٹ حکومت سے چھٹکارا چاہتا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ این اے 130 کی ریلی ہوشربا مہنگائی‘ بے کار حکومت کے خلاف ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے پاکستان کو ایسے موڑ پر پہنچا دیا ہے جس سے بدحالی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آج سے سات مہینے پہلے پاکستان ترقی پر گامزن تھا۔ شریف فیملی کے کیسز ختم کر دیئے گئے اور مقدمے کے گواہ اس جہان سے رخصت ہو گئے۔ ملک کو بچانے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے فوری الیکشن کا انعقاد کروایا جائے۔