لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے لاہور میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے منصفانہ معاشرے کا قیام بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اپنے معاشروں میں انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا وہ ترقی و خوشحالی کے سفر میں تیزی سے آگے بڑھے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس دن ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور ان کی قربانیوں، دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ان 80ہزار شہداء کو بھی سلام پیش کرنا چاہئے۔ تقریب سے کامران مائیکل چیئرمین پاکستان کرسچن کونسل انٹرنیشنل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں اشرف مل، رمیش سنگھ اروڑا، پاسٹر لیاقت قیصر اور دیگر نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والوں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔