اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی خصوصی دعوت پر قازقستان کے ایوان زیریں کا ایک اعلی سطحی پارلیمانی وفد قازقستان کے ایوان زیریں کے چیئرمین خوشانوفیرلانزکانووچ کی قیادت میں اتوار کے روز تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ رہا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور قزاقستان کے درمیان برادرانہ تعلقات باہمی اقدار اور مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہیں۔ قازقستان، وسطی ایشیائی ریاستوں کا ایک اہم ملک ہونے کی وجہ سے وسط ایشیا میں اثر و رسوخ رکھتا ہے۔ قازقستان کی پارلیمنٹ اقتصادی تعاون تنظیم (PAECO) کی پارلیمانی اسمبلی کی رکن بھی ہے۔ قازقستان کے پارلیمان کے اعلی سطح وفد کا حالیہ دورہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہوگا ۔سال 2022 دونوں برادر ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے اس موقع پر اب قازقستان کے ایوان زیریں کے چیئرمین کا دورہ جس دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔اسلام آباد میں قیام کے دوران قازقستان کا پارلیمانی وفد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے علاوہ صدر پاکستان، وزیر اعظم پاکستان، چیئرمین سینیٹ اور پاک-قازقستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے اراکین سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔ وفد پارلیمنٹ ہاس سمیت اسلام آباد میں دیگر تاریخی اور ثقافتی مقامات کا بھی دورہ کرے گا۔جمہوریہ قازقستان کی پارلیمنٹ کی مجلس کے پارلیمانی وفد میں قازقستان کی پارلیمنٹ کے چیئرمین کے علاوہ قازقستان کی پارلیمنٹ داخلی امور دفاع اور سلامتی سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین کسپان ، قازقستان-پاک فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ میناباہ ، کمیٹی برائے سماجی اور ثقافتی ترقی کے ممبر التائی، کمیٹی برائے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے ممبران یروبوف اور ژانابرشن کمیٹی برائے اقتصادی اصلاحات اور علاقائی ترقی کے ممبران اور قازقستان کی پارلیمنٹ کے اسٹاف کے سربراہ شامل ہیں ۔
راجہ پرویز اشرف کی خصوصی دعوت، قازقستان کے ایوان زیریں کا وفد کل اسلام آباد آئے گا
Dec 10, 2022