اسلام آباد(نا مہ نگار)چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے ناسور نے ملک اور اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رکھا ہے اور اس کا تمام تر بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کی ہدایات پر آئیسکو سے کرپشن کے خاتمے کے لئے ایک خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک پیغام میں تمام افسران و عملے کو تنبہہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کی خدمت ہمارا دینی، اخلاقی اور پیشہ ورانہ فرض ہے اور اگر کسی بھی سرکاری کام کے لئے معزز صارفین کو تنگ کیا گیا یا پیسوں کا تقاضہ کیا گیا تو ایسے افسران و عملے کی آئیسکو میں بالکل جگہ نہیں ہے کیوں کہ چند کالی بھیڑیں سارے ادارے کا وقار مجروح کرتی ہیں۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بجلی کے نئے کنکشنز یا دیگر معاملات میں کسی بھی طرح سے تنگ کیا جائے یا ان کے جائز کام میں رکاٹ ڈالی جائے یا پھر کسی قسم کی رشوت کا تقاضہ کیا جائے تو وہ اس کی فوری اطلاع متعلقہ ایس ای، ایکسین، ایس ڈی او کو دیں تاکہ صارفین کے تعان سے ادارے میں موجود ان چند کالی بھیڑوں کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے جو اپنے ذاتی مقاصد کے حصول کیلئے نہ صرف صارفین کو مشکلات سے دوچار کرتے ہیں بلکہ ادارے کی بھی بدنامی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کی کے وہ تمام قسم کی بجلی سے متعلقہ ادائیگیاں متعلقہ بینکوں میں کریں کیوں کہ کوئی بھی آئیسکو افسر یا عملہ اہلکار سرکاری کام کے عوض پیسے لینے کا مجاز نہیں ہے۔ کرپشن کے ناسور کے خاتمے کیلئے آئیسکو ہیڈ آفس میں ڈپٹی ڈائریکٹر مبین سکندر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ صارفین کرپشن کی کسی بھی شکایت کی صور ت میں دفتری اوقات کار کے دوران انکے ٹیلی فون نمبر051-9252910پر کال کریں تا کے بروقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ان عناصر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ صارفین کرپشن سے متعلقہ اطلاع کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل آئیسکو ہیڈ آفس اسلام آباد کے فون نمبر051-9252933پر یا چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو کے ای امیل ceo@iesco.com.pkپر دیں۔ آئیں آگے بڑھیں اور کرپشن کے خاتمے میں آئیسکو کا ساتھ دیں۔