اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے صحافی ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس کی 8 دسمبر کی سماعت کا حکمنامہ جاری کردیا ہے سپر یم کورٹ نے اپنے حکم نامہ میں کہا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ارشد شریف قتل کیس کیلئے بنائی گئی خصوصی تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن پیش کیا، جے آئی ٹی کی معاونت کیلئے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی اور ایس ایچ او تھانہ رمنا سمیت افسران پر مشتمل ٹیم بھی ہوگی، وزارت خارجہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی نیروبی میں معاونت کے حوالے سے رپورٹ بھی جمع کروائی ہے، رپورٹ میں مزید سفارتی اقدامات بارے بھی بتایا گیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو سپیشل جے آئی ٹی کی معاونت بارے بتایا۔ سپریم کورٹ کا مزید کہنا ہے کہ توقع ہے مختلف ممالک سے شواہد اور بیانات اکٹھے کرنے کے کیلئے جے آئی ٹی دلجوئی سے کام کرے گی، تحقیقات کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے کیس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کیا جا رہا ہے، کسی بھی مشکل یا رکاوٹ آنے پر ٹیم براہ راست چیف جسٹس آفس کو تحریری طور پر آگاہ کرے گی، توقع ہے سپیشل جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق عبوری رپورٹس بھی وقتا فوقتا ان چیمبرز میں جمع کروائے گی، پہلی عبوری رپورٹ آئندہ سماعت سے پہلے جمع کروائی جائے۔
صحافی ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کیس کی 8 دسمبر کی سماعت کا حکمنامہ جاری
Dec 10, 2022