کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریکوڈک منصوبہ کے معاہدے پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک اور صوبے کے لئے خوش آئندہے ریکوڈک منصوبے کے معاہدے کی شفافیت پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ہمارے عزم اور کاوشوں کا اعتراف ہے۔ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ عوام اور صوبے کے مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا‘ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کو 25فیصد شیئر بغیر انوسمنٹ کے حاصل ہونگے ،ریکوڈک منصوبہ ملک اور بالخصوص بلوچستان کے معاشی حالات کو بدل کر رکھ دے گا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش مالی بحران کے حل کیلئے نیا ایف این سی ایوارڈ ہونا وقت اور حالات کی ضرورت ہے ، صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہوتا ہے ،اپنا کام ایمانداری سے کرتاہوں الزامات لگانے والوں کی پرواہ نہیں،یورپی یونین کے وفد سے ملاقات کیلئے وقت نہ دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں، مس کوآرڈینیشن کی وجہ ملاقات نہیں ہو پائی۔ صوبے میں پارلیمانی جماعتوں کے لیڈران کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کر کے مسائل انکے سامنے رکھیں گے ۔یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جب اقتدار سنبھالا توخزانہ خالی تھامشکل حالات کے باوجود ایک متوازن بجٹ پیش کیا۔وسائل کم اس کے باوجود مایوس نہیں ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کامالی بحران ہو یا ریکوڈک منصوبے کامعاہدہ پوری اسمبلی کو اعتماد میں لیا۔پاکستان کی تمام سیاسی لیڈر شپ کو بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے یکجا ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے اضلاع بنانے کے حوالے سے علاقہ اور منتخب ارکان کی رائے کو اہمیت دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سیلاب زدگان کو تہنا نہیں چھوڑیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا ملک اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار اہم ہے ، ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل اورہمارا صوبہ بھی مختلف اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا خوبصورت گلدستہ ہے۔تقریب میں صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، میر نصیب اللہ مری اور پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج سمیت مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا تہوار منایا جاتا ہے اور جب سے ہم آئے ہیں ہماری یہی روایت رہی ہے کہ تمام اقلیتوں کے تہوار سی ایم سیکریٹریٹ میں منائی جائیں ۔اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج نے وزیر اعلیٰ کے اقلیت دوست اقدامات پر ان کو سراہتے ہوئے انکا شکریہ ادا کیا۔