بلاول کی سنگاپور کی صدر،وزیر خارجہ سے ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات،تعاون بڑھانے پر اتفاق


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور کی صدر حلیمہ یعقوب سے سنگاپور میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے سنگاپور کی صدر سے ملاقات کے دوران آسیان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سنگاپور کے ہم منصب ڈاکٹر ویوین بالا کرشنن سے ملاقات ہوئی، دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دورہ سنگاپور کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراءخارجہ نے ایشیا پیسفک میں آسیان کے زیر قیادت عمل کے لیے حمایت کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری انڈونیشیا کے دورے کے بعد گزشتہ رات سنگاپور پہنچے تھے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سنگاپور کے دورے کے دوران میٹا فیس بک ایشیا پیسیفک ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پاکستان میں آئی ٹی کے شعبے کی کامیابیوں اور وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے میٹا اور پاکستان کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دریں اثناءمرتضیٰ وہاب کے ایک ٹویٹ کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انشاءاللّٰہ اگلے انتخابات میں کراچی سے پیپلزپارٹی سرپرائز دے گی۔ سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر بلاول بھٹو زرداری نے مرتضیٰ وہاب کی ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ چند مہینوں میں ہم نے ثابت کردیا کہ پیپلز پارٹی کراچی کے لیے ڈیلیور کرسکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے لکھا کہ پیپلز پارٹی کے 15 ماہ کا کسی دوسرے دور سے موازنہ کریں، ہم نے 2018ءسے کراچی سے اپنی قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد دگنی کی۔ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلی سندھ نے جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے کمیٹی کے قیام سے آگاہی دی، کم عمری میں شادی کے خلاف قانون سازی کے حوالے سے سندھ پہلے ہی برتری رکھتا ہے، مجھے امید ہے کہ جبری شادیوں سے متعلق قانون سازی سے متعلق کاوشیں بھی کامیاب ہوں گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرکردہ پارٹی رہنما قاضی سلطان محمود مرحوم کی برسی پر پیغام مےں کہا کہ قاضی سلطان محمود مرحوم ایک بہادر، حوصلہ مند اور ثابت قدم رہنما تھے، انہوں نے پارٹی قیادت کی تین نسلوں کی زیرِقیادت تین آمروں کے خلاف جدوجہد کی، مرحوم کا عزم، جدوجہد اور ثابت قدمی ہر جمہوریت پسند سیاسی کارکن کے لیے ایک مثال ہے، جیالے اپنے مرحوم ساتھی قاضی سلطان محمود کے ایصال ثواب کے لیے دعا کریں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ طور اور آسیان کے تناظر میں اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سنگاپور اور پاکستان کے درمیان تجارت میں مل کر کام کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ دورہ سنگا پور کے دوران سٹریٹس ٹائمز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ سنگاپور کی آزادی کے فوراً بعد پاکستان اسے تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں شامل تھا، پاکستانی تارکین وطن کمیونٹی نے ابتدائی سالوں میں سنگاپور کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے ماضی میں اعلی سطح کے دوروں کا تبادلہ کیا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے 1995 میں پاکستان کی وزیر اعظم کی حیثیت سے سنگاپور کا دورہ کیا تھا، پاکستان اور سنگاپور کے دوطرفہ تعلقات کی بحالی اور دو طرفہ تبادلوں کو تیز کرنے کے لیے سنگاپور کا دورہ کر رہا ہوں۔
بلاول

بلاول 

ای پیپر دی نیشن