لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے ‘نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ میں عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں اگر مگر کو چھوڑیں اسمبلی توڑیں ہم الیکشن کے لئے تیار ہیں۔ پنجاب کا الیکشن کروائیں گے۔ عبرتناک شکست دیں گے۔ اگلے الیکشن کا فیصلہ بھی اسی الیکشن میں ہوجائے گا۔ چارٹر آف اکانومی ہونا چاہیے۔ شہباز شریف پاکستان کے لئے سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔ عمران خان فکر نہ کریں۔ نئے آرمی چیف اپنے طریقے سے چلیں گے۔ صدر مملکت ایک مسکین آدمی ہے۔ عمران خان کسی کی نہیں مانتا۔ ملک کی معاشی صورتحال کو کوئی ایک جماعت ٹھیک نہیں کرسکتی، چارٹر آف اکانومی کی اس وقت پر بھرپور ضرورت ہے، اسحاق ڈار نے چارٹر آف معیشت کی بات کی جو عمران خان نہیں مانے گا۔ میاں نواز شریف کے استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ الیکشن کا جب اعلان ہوگا تو نواز شریف پارٹی کو لیڈ کرنے کے لئے تشریف لائیں گے، ملک کو سیاسی عدم استحکام کی طرف لے جانے کی یہ کوشش کررہے ہیں۔ ہم جمہوری لوگ ہیں۔ آئین اور قانون سے اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کے حق میں ہیں۔ جنرل الیکشن اکتوبر میں ہی ہوگا۔ اگر پنجاب اور کے پی کے میں اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو نوے دن میں الیکشن ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیگی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران نیازی خود کہتا ہے کہ یو کے میں میرٹ ہے۔ وہاں سے فیصلے آرہے ہیں، گھناﺅنے الزامات لگائے گئے تھے، زلزلہ زدگان کی گرانٹ کے حوالے سے الزام لگایا گیا تھا۔ میاں شہباز شریف اور ان کی فیملی کو ملوث کیا گیا۔ عمران نیازی شریف فیملی اور پوری قوم سے معافی مانگیں۔ یہ مکروہ چہرے اپنی تسکین کے لئے مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمے بناتے ہیں۔ اے این ایف بھی پوری دنیا میں صفائی دے رہا ہے۔ عوام سے اپیل کرتا ہوں ان چہروں کو پہچانے۔ عمران خان نے اس ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اس کو پہچانے ورنہ ملک کو بڑے حادثے سے دو چار کردے گا۔ قدرت اس سے زیادہ اور کیا دکھائے گی۔ منی لانڈرنگ کے حوالے سے بڑا پروپیگنڈا کیا۔ تین ہزار ارب سے یہ شروع ہوئے۔ کہا گیا نواز شریف پیسے باہر لے گئے، شریف فیملی کے ہر فرد کی انکوائری ہوئی، کسی فرد پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ نیشنل کرائم ایجنسی نے بے گناہ ثابت کیا۔ پوری قوم کا مطالبہ ہے عمران خان معافی مانگیں، توشہ خانہ کے کیس میں ان کی ذلت ہوئی ہے۔ رسیدیں بھی جعلی ثابت ہوئی ہیں۔ انھوں نے دوست ممالک کی درگت بنائی۔ انہوں نے تحفے بیچے جو بدنامی کا باعث بنے، یہ اپنے اوپر لگے الزامات کا بھی جواب نہیں دے سکتے، گذشتہ روز (بروزجمعرات) ایک آڈیو سامنے آئی جس میں کہا مرشد جو آپ کہیں ہوجائے گا۔ انہوں نے توشہ خانہ کو لوٹ لیا۔ فرح گوگی کی بارہ ارب روپے کی کرپشن سب کے سامنے ہے۔ القادر ٹرسٹ کیس سب کے سامنے ہے۔ ان کے گھروں میں نوٹ گننے کے لئے مشینیں رکھی ہوئی تھیں، کارروائی کرنا حکومت کا معاملہ نہیں ہوتا حکومت کا معاملہ ہے کہ قانون بنائے، نیب کے قانون کو بہتر بنادیا گیا ہے۔ ایک دیانت دار شخص کو نیب کا چیئرمین لگا دیا گیا ہے اب وہ انکوائری کریں۔ چیئرمین نیب سے مطالبہ کرتا ہوں آپ مہربانی کریں کہ میرٹ پر کام کریں ان کے اوپر سخت احتساب کریں، گورنمنٹ انتقامی رویہ نہیں اپنائے گی۔ ہم نے پنجاب لیول پر فیصلے کیئے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے الیکشن بھرپور لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نو ڈویژن میں تین گروپس بنائے ہیں۔ ہر حلقے میں دو دو امیدوار نامزد کرکے بھیجیں گے۔ ملک کو مشکل حالت میں چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔ ہم ہر جگہ جائیں گے اور اپنی بے گناہی عوام کے سامنے رکھیں گے، میرا کیس عدالت میں ہے اور وہ کیس بے بنیاد ہے، ہر پرچے کا کوئی نہ کوئی درخواست ہندہ ہوتا ہے۔ شہباز گل یا اعظم سواتی پر پرچے سیاسی انتقام پر نہیں ہوئے۔ شہباز گل نے مسلح افواج کے خلاف بات کی اس پر ایف آئی آر ہوئی۔ ہمارے اوپر یہ الزام کیوں لگاتے ہیں۔ عمران خان نے اسلام آباد آنا تھا، میرے پاس معجون نسخہ تیار تھا، وہ آئے نہیں۔ انہوں نے امپائر کو پریشر ڈال کر ہم پر کیسز بنوائے، یہ لوگوں کو مجبور کرتے تھے کیسز بناو¿۔ عمران خان کیوں پریشانی کا شکار ہیں، جو پرویز الہی سے لکھوا کر رکھا ہوا ہے گورنر کو بھیجیں، میں پاس کراتا ہوں۔ چوہدری پرویز الہی کی سیاست ہمیشہ رواداری اور افہام و تفہیم پر رہی ہے، چوہدری پرویز الہی مجھ سے ملے تھے تو میں نے گلہ کیا تھا۔ پرویز الٰہی بھی اس حق میں نہیں ہیں جو یہ لوگ چاہتے ہیں، چوہدری پرویز الہی ان کی وزارت اعلی چھوڑ کر ہماری طرف آتے ہیں تو سوچا جاسکتا ہے۔ سلمان شہباز اور حمزہ شہباز دونوں بھائی ہیں مل کر چلتے ہیں۔ مزید براں مسلم لیگ (ن) پنجاب کا تنظیمی اجلاس رانا ثناءاللہ خان کی زیر صدارت ہوا جس میں نجمہ حمید، عبد الرحمن کانجو کے سسر، منشاء اللہ بٹ کے بھائی، حبیب اعوان کی والدہ، پومی بٹ کی والدہ، رانا منان کی والدہ، اور بلال وڑائچ کے بھائی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس کے آغاز میں برطانوی ڈیلی میل اخبار کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف پر لگائے گئے الزامات پر معافی مانگنے پر اظہار تشکر کیا گیا۔ شریف فیملی کو مبارکباد پیش کی گئی۔ اجلاس میں یونین کونسل کی سطح تک تنظیم سازی مکمل ہونے پر رانا ثناءاللہ خان نے اظہار تشکر کیا۔ سیاسی حالات کے تناظر میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی لئے حکمت عملی بنانے اور ممکنہ امیدواران کی لسٹوں پر بنیادی کام شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ چور‘ جھوٹے کو لیڈر شپ کے عہدے سے ہٹائیں اور کسی نیک‘ ایماندار کو چیئرمین بنائیں۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ عمران فراڈیا‘ جھوٹی خبریں شہباز شریف کے خلاف شائع کراتا رہا اور خود گھڑیاں چوری کرتا رہا۔ ڈیلی میل کی معافی اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ جو کہتا تھا کہ ہم کیس دیکھتے ہیں‘ فیس نہیں۔ ڈیلی میل کی معافی کے بعد وہ کسی کو اپنا ”فیس“ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ عمران خان جھوٹا ہے‘ ایک جھوٹا‘ چور اور بے ایمان لیڈر نہیں ہو سکتا۔ آئین کے تحت جھوٹا‘ چور‘ خائن لیڈر نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی کے لوگ چور‘ جھوٹے کو لیڈرشپ کے عہدے سے ہٹائیں اور کسی نیک‘ ایماندار کو چیئرمین بنائیں۔ دوسری طرف معاون خصوصی اطلاعات وزیراعلیٰ خیبر پی کے بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر کچھ وزراءاور اراکین میں اختلافات ہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر تمام اراکین کو اپنی رائے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سامنے رکھنے کی مکمل آزادی ہے‘ تاہم کچھ وزراءاور ارکان میں اختلافات ہیں۔ پنجاب اسمبلی تحلیل ہو جائے تو پھر بات بن سکتی ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ صرف خیبر پی کے اسمبلی تحلیل کرنے سے مرکزی حکومت پر پریشر نہیں ڈال سکتے۔ اراکین کی رائے ہے کہ جب تک پنجاب اسمبلی کو تحلیل نہیں کیا جاتا‘ اس وقت تک کے پی اسمبلی کو بھی روکا جائے۔ انہوں نے کہا اب تک عمران خان نے کوئی تاریخ نہیں دی۔ وہ سب کی رائے لے رہے ہیں۔مزید برآں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ الیکشن میں انتخابی مہم نواز شریف لیڈ کریں گے نواز شریف کی واپسی کا فیصلہ الیکشن مہم شروع کرنے سے مشروط ہے وطن واپسی کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب وطن واپس آکر اپنے خلاف کیسز کا سامنا کریں گے معیشت ملک کا بڑا مسئلہ ہے اس کا حل انتخابات نہیں چارٹر آف اکانومی ہے عام انتخابات وقت سے پہلے ممک نہیں ایک دو اسمبلیوں پر پہلے انتخابات ہو جائیں تو حرج نہیں ۔ رانا ثناءاللہ نے مزید کہا ہے کہ معاشی صورتحال پر اسحاق ڈار نے صدر عارف علوی کو بریف کیا تحریک انصاف سے غیر مشروط بات ہو سکتی ہے غیر مشروط بات صدر عارف علوی سے بھی ہو رہی ہے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے رانا ثناءاللہ کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے پی ڈی ایم کے چور ہر روز ایک نیا پراپیگنڈہ لیکر عوام کو گمراہ کرنے آج اتے ہیں پی ڈی ایم کی حکومت جھوٹ فراڈ اور سازش کی بنیاد پر قائم ہوئی مجرموں کا ٹولہ ملک کو تباہ کر رہا ہے عمران خان اس مافیا کے اعصاب پر سوار ہیں تمام چور دن رات ان کی کردار کشی پر مامور ہیں فرخ حبیب نے کہا آپ انتخابات کیلئے تیار ہیں تو پوری قوم کا مطالبہ ہے قومی اسمبلی تحلیل کریں اور الیکشن کرا دیں ۔پشاور سے آئی این پی کے مطابق معاون خصوصی اطلاعات وزیراعلی خیبر پی کے بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے میرا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔ کے پی کے تمام وزرائ، اراکین اسمبلی وزیراعلی کی سربراہی میں متحد اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ عمران خان جب بھی حکم دیں گے اسمبلی تحلیل کر دی جائے گی۔
وزیرداخلہ