فن ‘ثقافت طاقتور قوتیں ‘قوموں کو یکجا کرتی ہیں : مائرہ خان 

Dec 10, 2022


لاہور(کلچرل رپورٹر)اداکارہ مائرہ خان نے سعودی عرب کے جدہ میں منعقدہ ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کی۔ یہ ان کا جدہ کا پہلا دورہ تھا اور وہ فن اور ثقافت کے اس رنگارنگ پروگرام میں شرکت پر بہت خوش تھیں۔ فیسٹیول میںماہرہ خان نے مختلف ثقافتوں کے درمیان بندھن کو مزید مضبوط کرنے کی مناسبت سے فلموں اور فن کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فن اور ثقافت ناقابل یقین حد تک طاقتور قوتیں ہیں جو حدود و قیود سے آزاد ہیں اور لوگوں اور قوموں کو یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ پوری تاریخ میں آرٹ نے مختلف ثقافتوں کے درمیان امن اور افہام و تفہیم کے پیغامات پہنچانے کیلئے ایک کامیاب آلہ کار کے طور پر کام کیا ہے۔ یہاں تک کہ آج کی ڈیجیٹل دنیا میں آرٹ اب بھی فاصلے مٹانے کیلئے ایک پل کا کام کرتا ہے۔ بہت سے پاکستانی اور سعودی شہریوں سے مل کر بہت مسرت ہوئی جنہوں نے میری فلمیں دیکھ رکھی تھیں۔ انہوں  نے میرے کام کی تعریف بھی کی جو کہ میرے لیے اعزاز ہے اور اس بات کی عکاس ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری خطے میں اپنا منفرد مقام پیدا کر رہی ہے اور یہ پاکستانی سینماکیلئے بہت خوش آئند ہے۔میں واقعی خوش ہوں کہ میں ایک ایسے شاندار ایونٹ میں شامل ہو سکی جو مختلف ثقافتوں کو اکٹھا کرنے اور فلموں کے ذریعے ان کے بارے میں آگاہی پھیلانے میں مدد کرتا ہے۔ فیسٹیول میں دنیا بھر سے کی شاندار فلموں کی نمائش کی گئی۔

مزیدخبریں