ریورائن پولیس کا کام جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ کرنا ہے: صادق علی ڈوگر

Dec 10, 2022


لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پٹرولنگ پولیس پنجاب، صادق علی ڈوگر نے کہا ہے کہ ریورائن پولیس پنجاب ہائی وے پٹرول کی انتہائی اہم فورس ہے جس کا بنیادی کام شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں میںموثر گشت و نگرانی سے جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں دریائے سندھ سے ملحقہ اضلاع میں جرائم کی روک تھام کیلئے پٹرولنگ ٹیموں اوراوقات کار کو بڑھایا جائے اور پٹرولنگ ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکار ای پولیس ایپ کا لازمی استعمال کریں۔ ریورائن پولیس عملہ کو صرف ریورائن پولیس پوسٹ پر ہی تعینات کیا جائیگااور ریورائن پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے مزید وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ ریورائن پولیس کے سپروائزری افسران فورس سے بہترین پرفارمنس لیتے ہوئے مجرمان کی سرکوبی کا عمل تیز کریں اور دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوںخصوصا جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کے مستقل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ریورائن پولیس کے پیشہ ورانہ امور بارے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں ۔انہوںنے کہا کہ دریائے سندھ سے ملحقہ علاقوں میں ڈسٹرکٹ پولیس اور ریورائین پولیس مل کر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کریں تاکہ ان علاقوں میں رہائش پذیر افراد کے جان و مال کا تحفظ مزید بہتر ہوسکے۔ ہر 15 دن  کے بعد ریورائن پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔

مزیدخبریں