کراچی(اسپورٹس رپورٹر )ملتان میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلش بیٹرز کے ساتھ ساتھ امپائر علیم ڈار بھی ابرار احمد کی جادوئی سپن بائولنگ نہ سمجھ پائے۔ملتان میں جہاں انگلش بیٹرز کو ابرار احمد کو کھیلنے میں مشکلات ہورہی تھیں وہیں امپائر علیم ڈار بھی تھوڑے پریشان دکھائی دیے۔ دنیا بھر میں اپنے صحیح فیصلوں کی وجہ سے شہرت رکھنے والے علیم ڈار نے ملتان میں پاکستان کی جانب سے 3 مواقع پر آؤٹ کرنے کی اپیل پر ’ناٹ آؤٹ‘ کا جواب دیا۔ پاکستان کی جانب سے امپائر کے فیصلے کیخلاف ری ویو لینے پر پتا چلا کہ علیم ڈار کے فیصلے غلط تھے، یوں پاکستان نے انگلینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔علیم ڈار کی ایک نہیں بلکہ توغیر متوقع 3 غلطیاں دیکھ کر لوگ حیران ہوگئے جس کے بعد ان نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی کرنے لگا اور صارفین نے اس پر میمز بھی بنائیں۔ٹوئٹر پر ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ یہ دنیا میں کیا ہورہا ہے؟ علیم ڈار غلط فیصلے دے رہے ہیں اور بابر صحیح ری ویوز لے رہے ہیں۔ایک اکاؤنٹ سے لکھا گیا کہ لڑکوں نے علیم ڈار کو فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کردیا۔ علیم ڈار کو ایک ہی اوور میں 2 مرتبہ فیصلے تبدیل کرنا پڑے، میں نے زندگی میں سب کچھ دیکھ لیا۔