حیدرآباد(بیورو رپورٹ) انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر محکمہ انسداد بدعنوانی حیدرآباد کی جانب سے و ضلعی انتظامیہ حیدرآباد کے تعاون سے شہباز بلڈنگ حیدرآباد سے حیدرآباد پریس کلب تک ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدرآباد قائم اکبر نمائی نے کہا کہ ہر سال دنیا بھر میں 09 دسمبر یوم انسداد بدعنوانی کے طور پر منایا جاتا ہے،جس کا مقصد لوگوں کو بدعنوانی جیسے عمل سے آگاہی فراہم کرنا ہے،کیونکہ ملکی ترقی کے لئے کرپشن سے جان چھڑانا ناگزیر ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد زون نعیم احمد عباسی نے کہا کہ آج کی ریلی کے انعقاد کا مقصد عوام میں کرپشن کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے کیونکہ کرپشن جب تک ختم نہیں ہوگی اس وقت تک معاشرے کے ہر طبقے کے لوگ اس ضمن میں اپنا کردار ادا نہیں کرسکیں گے۔ تمام ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کا راز بھی اسی میں پوشیدہ ہے کہ انہوں نے پہلے اپنے ملک سے کرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ کیا جس کہ بعد انہوں نے ترقی کی منازل طے کیں۔آئیں! آج کے دن ہم مل کر یہ عہد کریں کہ کرپشن کے خلاف جہاد کریں گے اور پاکستان کی ترقی کے لیے پاکستان کو کرپشن فری بنائیں گے کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راز، رشوت سے پاک معاشرہ ہے۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاءنے بدعنوانی کے خلاف نعرے لگائے اور محکمہ انسداد بدعنوانی حیدرآباد کی جانب سے پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ ریلی میں مختلف محکموں کے افسران و ملازمین کے علاوہ سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کرپشن
کرپشن جیسے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حیدر آباد
Dec 10, 2022