لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارت کی پاکستان کو کھیلوں میں تنہا کرنے کی ایک اور سازش سامنے آگئی،پاکستان کو ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی سے محروم کرنے کیلئے بھارت سری لنکا کو سامنے لے آیا۔ پاکستان نے مارچ میں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرنی ہے،بھارتی اشاروں پر سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرینیڈو نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو گیمز کی تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔ چار سال پہلے پاکستان کو ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی ملی تھی۔گزشتہ دور حکومت میں وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے ان گیمز کیلئے چار ارب کی رقم بھی مختص کی گئی تھی تاہم ابھی تک ان گیمز پر غیریقینی کے بادل چھائے ہوئے ہیں۔وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے بننے والی آرگنائزنگ کمیٹی ابھی تک گیمز کیمقامات کا فیصلہ نہیں کرسکی۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے شہر لاہور کو میزبان کیلئے تجویز کیاتھا۔اس وقت کی منسٹر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہیمدہ مرزا اسلام آباد میں گیمز کی افتتاحی تقریب کرانے کی خواہشمند تھیں۔ پاکستان سپورٹس بورڈ حکام بھی گیمز کرانے کے حوالے سے تاحال تذبذب کا شکار ہیں۔