اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی میں فیصلہ کیا گیا کہ سول اور فوجداری مقدمات پہلے آئیے پہلے لگائیے کی بنیاد پر مقرر ہوں گے۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے 18 تا 29 دسمبر تک تمام رجسٹریوں میں بنچز کی تشکیل کا فیصلہ کر لیا۔ 18 تا 22 دسمبر اسلام آباد، کوئٹہ اور کراچی رجسٹری میں ایک ایک بنچ مقدمات کی سماعت کرے گا۔ اسلام آباد رجسٹری میں جسٹس سردار طارق، جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل بنچ ہو گا۔ کوئٹہ رجسٹری میںبنچ جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس جمال مندوخیل پر مشتمل ہو گا۔ کراچی رجسٹری بنچ میں جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی شامل ہوںگے۔ کراچی رجسٹری میں جسٹس عرفان سعادت خان بھی شامل ہوں گے۔ 26 تا 29 دسمبر تک جسٹس سردار طارق مسعود چیمبر ورک کریں گے۔
سپریم کورٹ میں سول اور فوجداری مقدمات کی سماعت پہلے آئیے کی بنیاد پر ہو گی
Dec 10, 2023