نام نہیں لینا چاہتی، نوازشریف کی سیاست ختم کرنیوالا جیل میںسزا بھگت رہا ہے: مریم نواز

Dec 10, 2023

گجرات‘ سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے لگائے کسی ایک منصوبے پر بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا نہ ہی نواز شریف کا سفر کبھی آسان رہا ہے نواز شریف نے جیلیں کاٹی آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے۔ پاکستان کی کوئی ایسی جیل نہیں جہاں نواز شریف نہیں رہا نواز شریف واحد لیڈر ہے جو آج بھی جھوٹے مقدموں پر عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہے جھوٹے مقدمات کو ختم کرتے 7 سال ہوگئے لیکن نواز شریف کو چور کہنے والوں کی  تاریخ کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی ہے۔ اور اس شخص سے کسی نے انتقام نہیں لیا اس سے انتقام اس کے اپنے اعمالوں نے لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلالپور جٹاں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے چوہدری علی وڑائچ، چوہدری عابد رضا اور دیگر مقامی قائدین کو کامیاب ورکر کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر نوا بزادہ طاہر الملک، نوابزادہ غضنفر علی گل، جاوید بٹ، دیگر بھی موجود تھے مریم نواز نے کہا کہ جو اڈیالہ جیل میں بیٹھا ہے وہ سیاسی تقریروں میں نواز شریف کو چور کہتا تھا۔ اللہ کے کرم سے نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں لا سکے نہ ہی چوری کا الزام وہ عدالت میں کبھی ثابت نہیں کر سکا جو جیل میں بیٹھا سزا بھگت رہا ہے وہ اللہ کہ پکڑ میں آیا ہے۔ میں اس کا نام نہیں لینا چاہتی، انہوں نے کہا کہ 2007ء میں پاناما جیسا جھوٹا کیس ڈال کر نواز شریف کو جیل میں ڈالا گیا۔ ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے کہ سات سال بعد بھی انصاف نہیں دیا گیا تاریخ گواہ ہے کہ جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ میں آیا تو عوام نے نواز شریف کا ساتھ دیا، جیل میں بیٹھے شخص سے انتقام نواز شریف نے نہیں لیا مگر وہیل چیئر میں بیٹھا انسانی تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتا پکڑا گیا، ایک بار وہ وزیر اعظم بنا اور چوری کے ریکارڈ بنائے آپ کے خون پسینے کی کمائی عمران کی جیب میں گئی۔ ایک یہ خود فتنا ہے اور اس کی بیوی فتنی منہ پر کالا دھبا ڈال کر وہیل چیئر پر بیٹھ کر آیا نو مئی کا حملہ کر کے اپنے کیے کی سزا بھگت رہا ہے۔ ملک پر حملہ کرنے والا کہ رہا ہے مجھے دیسی مرغی دی جائے۔ جب حساب دینے جاتا تھا تو وہیل چیئر پر بیٹھ جاتا ہے، مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہو چکی۔ قائد نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ نواز شریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا لیکن تمام مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت ان کی ترجیح رہی اور عوام نے الیکشن میں ہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا، ملکی خوشحالی اور عوامی فلاح کیلئے متعدد اہم منصوبے مکمل کئے، موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا، قوم کو سی پیک اور میٹرو بس جیسے منصوبے دیئے اور بجلی کے کارخانے لگائے، عوام نے منتخب کیا توخدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے 21 اکتوبر کے تاریخی جلسہ عام اور نواز شریف کے فقید المثال استقبال پر جلال پور جٹاں، گجرات اور بالعموم ملک بھر سے آئے مسلم لیگ کے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کہتے تھے کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا اور اب واپس نہیں آئے گا لیکن 21 اکتوبر کو انہوں نے دیکھا کہ اللہ تعالی کس عزت اور شان کے ساتھ  وطن واپس لایا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ نواز شریف کا استقبال کرنے صرف اس لئے نہیں آئے تھے کہ نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہے، نواز شریف نے موٹرویز، بجلی کے کارخانے، میٹرو بس، اورنج لائن، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں بنائیں اور سی پیک کا تحفہ دیا بلکہ عوام اس لئے آئے تھے کہ انہوں نے آنے والا مستقبل بھی  نواز شریف سے جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف  کا سیاسی سفر اتنا آسان نہیں تھا‘  22 سال میں سے اڑھائی سال جیل کاٹی،11  سال جلاوطن رہے، عدالتوں کے چکر اس وقت بھی لگائے اور آج بھی انصاف کیلئے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ لانڈھی سے لے کر اٹک تک کوئی ایسی جیل نہیں جہاں نواز شریف نے سزا نہ کاٹی ہو لیکن جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ آیا عوام نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنایا۔ 2016 میں پانامہ جیسا مذاق کیا گیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے اربوں روپوں کے فلاحی منصوبوں میں مخالفین کو  نواز شریف پر ایک پھوٹی کوڑی کی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور الزام لگانے کیلئے اربوں روپے خرچ کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ زیادہ دیر نہیں چل سکتا، نواز شریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا ہے۔ ایک مرتبہ اقتدار ملنے پر اس نے چوری اور ڈکیتی کے تاریخی ریکارڈ قائم کئے، 190 ملین پائونڈ یعنی 60 ارب روپے قومی خزانے میں دینے کی بجائے جیب میں ڈال لئے جو پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی تھی اور القادر ٹرسٹ بنا کر خود اور ان کی اہلیہ ٹرسٹی بن بیٹھے، جب حساب مانگا گیا تو سزا سے بچنے کیلئے  9 مئی کو پاکستان پر حملہ کرادیا، شہدا کی یادگاروں پر حملے کئے اور نذر آتش کیا، 60 ارب روپے کی ڈکیتی کرنے والا جیل میں دیسی مرغ اور ورزش مشینوں کی فرمائش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ انہیں یہ سہولت دینی ہے تو ضرور دیں لیکن  جیل کے تمام قیدیوں کو  بھی یہ سہولیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا بہت چرچا ہے، انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ نواز شریف کو جلاوطنی اور جیلوں میں قیدوبند کی لیول پلیئنگ فیلڈ دی گئی، دعا گو ہوں کہ کسی مخالف کو بھی ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملے۔ دریں اثناء  مریم نواز کا سمبڑیال پہنچنے پر کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز گجرات کے جلالپور جٹاں میں یوتھ کنونشن میں شرکت کیلئے لاہور سے سمبڑیال پہنچیں تو سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) چوہدری طارق سبحانی اور کثیر تعداد میں کارکنوں نے استقبال کیا اور نعرے بازی کی۔

مزیدخبریں