اسلام آباد( نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں عمران کی کابینہ کے 3ارکان جن میں وزرا پرویز خٹک، زبیدہ جلال اور سپیشل اسسٹنٹ ندیم افضل چن نیب کے گواہ بن گئے۔ گواہان کی فہرست میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، بینک و ایس ای سی پی افسران، پٹواری ایسٹ ریکوری یونٹ کے سیکرٹری اور ڈپٹی سیکرٹری کے نام بھی شامل ہیں۔القادر ٹرسٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف فنانشل افسر بھی نیب کے گواہ ہوں گے۔ نیب نے احتساب عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کررکھا ہے۔ علاوہ ازین 190 ملین پاؤنڈزاسیکنڈل کی تحقیقات میں سابق وفاقی وزیرزبیدہ جلال نے سابق وزیراعظم عمران خان سے متعلق قومی احتساب بیورو نیب کی ٹیم کے سامنے نیا انکشاف کیا ہے۔نیب ٹیم نے زبیدہ جلال کے بیان کو اپنی تفتیشی رپورٹ کا حصہ بنالیا اور رپورٹ کے مطابق کابینہ ممبران نے 190ملین پاؤنڈزکی تحقیقات کرانے کی سفارش کی تھی، زبیدہ جلال نے نیب ٹیم کوبتایا میں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زبیدہ جلال کا مؤقف تھا 190ملین پاؤنڈز پاکستان کا اثاثہ ہے، واپس آنا چاہیے، بیشترارکان کابینہ کا کہنا تھا 190 ملین پاؤنڈز واپس لینے کی بات کرنی چاہیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کابینہ ممبران نیب تحقیقات میں شامل ہوئے اور اپنے اسی مؤقف کو دہرایا۔زبیدہ جلال کے مطابق اصرار کے باوجود عمران خان نے بطور وزیراعظم کسی کی ایک نہ سنی، اس سنجیدہ معاملے پربغیر کسی بحث کے ایجنڈا منظورکرلیاگیا اور 190 ملین پاؤنڈز معاملے کو خفیہ رکھنے کی منظوری دی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز کا معاملہ کچھ کابینہ ارکان کے شدید تحفظات کے باوجود منظور کیاگیا۔
190 ملین پاؤنڈ سکینڈل: عمران کیخلاف ان کی کابینہ کے 3 ارکان ، پرنسپل سیکرٹری گواہ
Dec 10, 2023