لاہور(خصوصی نامہ نگار) وزیر داخلہ کا مولانا فضل الرحمان کی سکیورٹی تھریٹ سے متعلق بیان تشویشناک اور ریاستی اداروں کی کارگردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ حکومت تشویش اور خوف پھیلانے کی بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ یہ باتیں جے یوآئی کے رہنماؤں مولانا محمد یوسف،مولانا فضل علی حقانی،مولانا محمد امجد خان،محمد اسلم غوری،انجینئر عبدالرزاق عابد لاکھو،مفتی ابرار احمد نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہیں۔ جے یوآئی کے رہنماؤں نے کہاکہ حکومت بتائے کہ سربراہ جے یو آئی کے تحفظ کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ؟۔ اگر حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرسکتی تو اپنی ناکامی کا اعتراف کرے۔ جے یو آئی کارکن اپنی قیادت کی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں۔ مولانا محمد امجد خان، محمد یوسف، محمد اسلم غوری نے کہاکہ جے یوآئی اور اسکی قیادت کو انتخابات سے باہر رکھنے کی ناکام سازش کی جارہی ہے۔ جے یو آئی ایسی ہر سازش کا مقابلے کیلئے تیار ہے۔ انتخابات سے قبل اس قسم کے بیانات دے کر عوام کو خوف وہراس میں مبتلا کیا جارہا ہے۔