بھارتی ریاست اترپردیش میں مسلمان خاتون پولیس افسر کی گولی لگنے سے شدید زخمی 

علیگڑھ (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست  اتر پردیش میں تھانے کے اندر پولیس افسر کے پستول سے چلنے والی گولی خاتون کو لگ گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ علیگڑھ میں پیش آیا جہاں کوٹ کوتوالی کے علاقے میں پولیس سٹیشن کے اندر 50 سالہ خاتون عشرت اپنے پاسپورٹ کی انکوائری میں تھانے آئی ہوئی تھیں۔ وہ عمرے پر جانا چاہتی تھیں تاہم انہیں پولیس نے تھانے بلایا تھا۔ وہ اپنے ایک رشتے دار کے ساتھ تھانے پہنچیں جہاں انسپکٹر منوج شرما سے پسٹل چل گیا اور گولی سیدھا خاتون کے سر میں جا لگی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لئے جواہر لال نہرو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس پاسپورٹ کا این او سی دینے کیلئے خاتون سے رشوت مانگ رہی تھی اور ان کی تھانے میں پولیس سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ واقعے میں ملوث انسپکٹر منوج شرما کو معطل کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے تاہم وہ فرار ہے اور تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔

ای پیپر دی نیشن