سرینگر،جموں(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی فوج کا مختلف علاقوں میں کریک ڈاون جاری ہے اس دوران بھارتی فوجیوں نے ضلع ریاسی میں تین بے گناہ کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے۔کے پی آئی کے مطابق وادی کے طول و عرض میں بھارتی فوج کے محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں ،اس دوران کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ،ضلع ریاسی میں تین نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن آج(اتوار) کو منایا جائے گا۔ اس دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1948ء میں انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ منظور کیا تھا۔ متعدد حریت تنظیموں کی جانب سے سرینگر اور دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں مقبوضہ علاقے میں بھارتی حکومت اور اس کے قابض فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کیاگیا ہے۔ دوسری جانب سرینگر کے علاقے بٹہ مالو میں آتشزدگی کے واقعے میں کم ازکم چھ دکانیں خاکستر ہوگئی ہیں۔ آتشزدگی کا واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیان شب پیش آیا۔ واقعے میں چھ دکانوں کو نقصان پہنچا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت مسلم اکثریتی مقبوضہ کشمیر کو ہندو اکثریتی خطے میں تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی زعفرانی بریگیڈ نے کشمیری مسلمانوں کے خاف ثقافتی جنگ شروع کر دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، مزید 3 نوجوان گرفتار
Dec 10, 2023